11 جنوری 2015 - 15:26
شام: حمص سے وسیع پیمانے پر اسرائیلی ہتھیار برآمد

شام کی فوج نے حمص کے علاقے میں ہتھیاروں کے ایک بڑے گودام کا انکشاف کیا ہے جہاں سے وسیع پیمانے پر اسرائیلی ساخت کے ہتھیار برآمد کئے گئے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شام کی فوج نے حمص کے علاقے میں ہتھیاروں کے ایک بڑے گودام کا انکشاف کیا ہے جہاں سے وسیع پیمانے پر اسرائیلی ساخت کے ہتھیار برآمد کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شامی فوج نے حمص کے مغرب میں واقع کفرعایا کے علاقے میں ان ہتھیاروں کا انکشاف، اس وقت کیا جب اس علاقے میں دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شامی فوج پیش قدمی کرکے اس علاقے میں پہنچی کہ جہاں، اسرائیلی ساخت کے ان ہتھیاروں کا ایک بڑا گودام ملا۔اس علاقے میں شامی فوج نے تکفیری دہشتگردوں کے کئی سرغنہ ہلاک کئے۔ داعش دہشتگرد گروہ نے اس علاقے میں اپنے متعدد اہم کمانڈروں کی ہلاکت کا اعتراف بھی کیا ہے۔ادھر ریف دمشق میں بھی شامی فوجیوں کی کاروائی میں درجنوں دہشتگرد ہلاک ہوئے ہیں اور اسی طرح شامی فوج نے الّزبدانی، داریا اور غوط الشرقیہ میں دہشتگردوں کے بھاری مقدار میں ہتھیاروں کو تباہ کردیا۔ درعا کے علاقے میں بھی شامی فوجیوں اور داعش دہشتگردوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں جہاں داعش دہشتگرد گروہ کو بھاری جانی نقصان پہنچا ہے۔

.......

/169